بنگلورو: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو کہا کہ ملک کے ہر شہری کو بنیادی سہولتیں ملنی ہی چاہئیں اور اس کے لئے اسے کسی کا احسان مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیتا رمن نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ اسکیموں کا فائدہ ہر فرد تک پہنچے اور کوئی بھی ضرورت مند اس سے محروم نہ رہے۔ Government aims to provide Basic Facilities to all says Nirmala Sitharaman
وزیر خزانہ کرناٹک بھارتیہ جنتا پارٹی کے اکنامک سیل کے ماہانہ تجزیہ کے 100ویں ایڈیشن کا بنگلورو میں اجراء کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہر بھارتی کا حق ہے کہ اسے بنیادی سہولیات حاصل ہوں، اس کے لیے کسی کا شکرگزار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، "ہماری سوچ ہر ضرورت مند تک اسکیموں کا فائدہ پہنچا کر لوگوں کو بااختیار بنانا ہے، نہ کہ عوام کو صرف فوائد کا اہل بناکر اس کے انتظار کے لئے چھوڑناہے۔
وزیر خزانہ نے کہا ’’آپ کوئی اسکیم شروع کرتے ہیں۔ وہ اسکیم چند لوگوں تک پہنچتی ہے، لیکن بہت سے لوگ ہیں جو اس کے مستحق ہیں۔ کیا آپ ان سب تک پہنچاپارہے ہیں؟ اگر آپ اسکیم کو تمام اہل لوگوں تک لے جانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو آپ مکمل اطمینان کی حالت میں پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں ملک میں کئی حکومتیں بنیں جو غربت کے خاتمے اور عوام کی جیبوں میں آمدنی پہنچانے کے دعوے کرتی رہیں۔ اس کے لیے بیس نکاتی پروگرام چلایا گیا۔ غربت دور کرنے، لوگوں کو پینے کے پانی اور رہائش جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ یہ اسکیمیں 75 سال سے چل رہی تھیں۔