بنگلورو: ریاست کرناٹک کے بنگلورو میں کرناٹک گلوبل انویسٹرس سمٹ 2022 کا افتتاح کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ 'بھارت اس وقت اپنی ترقی کو دنیا کی ترقی کا ایک عنصر بنانے کے لیے تحریک کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپنے خطاب میں عالمی سرمایہ کاری کو بھارت کی اس تحریک کے ساتھ اپنی سرمایہ کاری کو جوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے ملک میں آنے کی دعوت دی۔ مودی نے کہا ’’بھارت میں سرمایہ کاری شمولیاتی ترقی میں سرمایہ کاری ہے، بھارت میں سرمایہ کاری زمین کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے سرمایہ کاری ہے، آئیے ہم کروڑوں لوگوں کے مستقبل کو خوبصورت بنانے کے مقصد کے ساتھ مل کر چلیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت عالمی غیر یقینی کی صورتحال کے باوجود تیزی سے اقتصادی ترقی کر رہا ہے۔ ہندوستان اس وقت جس بلندی پر ہے اس سے ملک کو مسلسل آگے ہی بڑھنا ہے۔ پچھلے سال، ہندوستان نے تقریباً 84 ارب ڈالر کی ریکارڈ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری حاصل کی۔ ہندوستانی معیشت کی جڑیں مضبوط ہیں۔ تمام ممالک اس بات کو تسلیم کرتے ہیں۔ Karnataka Global Investors Summit 2022
انہوں نے کہا ’’اگرچہ یہ دور عالمی اقتصادی بحران کا دور ہے، لیکن دنیا کے ماہر تجزیہ کار اور معیشت کے ماہرین ہندوستان کو ایک خوش نما مقام قرار دے رہے ہیں۔ ہم اپنی معیشت کے جڑوں کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ ہندوستان کی معیشت دن بہ دن مضبوط ہوتی جائے۔ ہم نے سرمایہ کاروں کو لال فیتہ شاہی کے جال میں الجھانے کے بجائے سرمایہ کاری کے لیے خوش آئند ماحول بنایا ہے۔ ہم نے نئے پیچیدہ قوانین بنانے کے بجائے ان کو عقلی بنایا ہے۔ ہندوستان کی تعمیر جرات مندانہ اصلاحات، بہتر انفراسٹرکچر اور بہترین ٹیلنٹ سے ہی ممکن ہے۔
اس سمت میں حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے نیشنل گتی شکتی ماسٹر پلان کا ذکر کیا، جس میں مستقبل کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ایک جامع منصوبہ اور موجودہ انفراسٹرکچر کا نقشہ تیار کیا گیا ہے اور آخری کڑی کو جوڑنے کا بھی باریکی سےخیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہندوستان میں مصنوعات اور خدمات کو عالمی معیار کا بنانا ہے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی مینوفیکچرنگ کے ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔ دنیا اس نئے صنعتی انقلاب میں نوجوانوں کے کردار کو دیکھ کر حیران ہے۔ ہندوستان کے نوجوانوں نے پچھلے کچھ سالوں میں ملک میں 100 سے زیادہ ایک یونیکارن کھڑے کئے ہیں۔ وزیر اعظم نے پچھلے 8 سالوں میں ہندوستان میں رجسٹرڈ 80000 سے زیادہ اسٹارٹ اپ یونٹس کا بھی ذکر کیا۔