بیدر:گورنمنٹ ایمپلائز کے سالانہ کھیل مقابلوں میں بیدر کی فٹبال ٹیم نے ریاستی سطح پر اول مقام حاصل کیا، جب کہ بیدر کی ہاکی ٹیم نے ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا۔ ضلع کی ان دونوں ٹیم کی ممتاز کامیابی کو دیکھتے ہوئے کرناٹک ریاستی اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع بیدر کی جانب سے الامین ڈگری کالج کے الامین عبدالمجید خان میموریل ہال بیدر میں انصار بیگ ریاستی نائب صدر کی زیر صدارت تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر گوتم ارلی ضلع افسر یوتھ سرویسس اینڈ اسپورٹس، عنایت الرحمٰن سندھی ریٹائرڈ تعلیمی افسر، عبدالغفار بیگ اسپورٹس افسر، سینئر ہاکی کھلاڑی نثار احمد، شیخ مسیح الدین قومی ہاکی کھلاڑی زمرہ سرکاری ملازمین، عبدالقدوس ہاکی کوچ، ماجد خان فٹبال کوچ اور محمد مکرم صدر معلم الامین بوائز اردو ہائی اسکول شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
Journalists Felicitated in Bidar: بیدر میں اردو صحافیوں کو تہنیت پیش کی گئی
محمد عمر علی کیپٹن فاتح اول بیدر ایمپلائز فٹبال ٹیم اور بابر حسین کیپٹن فاتح دوم بیدر ایمپلائز ہاکی ٹیم اور ان دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں کی شالپوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی گئی اور ان سے اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کامیاب مشق کے ذریعہ بیدر کو کھیلوں میں اونچا مقام دلاتے رہیں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر گوتم ارلی ضلع افسر یوتھ سرویسس اینڈ اسپورٹس بیدر نے کہا کہ یوتھ آفس سے کھلاڑیوں کے لیے سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے ارباب مجاز کو چاہیے کہ وہ اس سے استفادہ کریں۔
عنایت الرحمٰن سندھے ریٹائرڈ تعلیمی افسر نے اپنے خطاب میں فٹ بال اور ہاکی ٹیم کے کپتانوں اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے بھی کھیلوں میں نام روشن کرنا بڑی اور قابل ذکر بات ہے۔ شیخ مسیح الدین کوچ ہاکی ٹیم سرکاری ملازمین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ انصار بیگ نے اپنی صدارتی تقریر میں کھلاڑیوں کے کھیل کو سراہا اور کہا کہ ہر قدم پر ٹیچرس کی ریاست گیر تنظیم آپ کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔ پروگرام کی نظامت کرناٹکا ضلع بیدر کے جنرل سکریڑی محمد شہاب الدین نے کی۔ محمد سعید الدین (خازن) کے اظہار تشکر پر تہنیتی تقریب اختتام کو پہنچی۔