بیدر: جمعیت اہلحدیث ریاست تلنگانہ کے سابق امیر عبدالرحیم مکی نے حج کے اہم اور ضروری مسائل پر ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج پر جانے والے تمام مرد و خواتین کو چاہیے کہ وہ حج اور عمرہ سے متعلق منعقد ہونے والے تربیتی کیمپ میں ضرور شرکت کریں، کیوں کہ حج صاحب استطاعت لوگوں کے لیے ایک بار فرض قرار دیا گیا ہے اور حج اور عمرہ سے متعلق عام لوگوں کو معلومات نہیں ہوتیں، اس لیے حج اور عمرہ کو جانے والے احباب کو چاہیے کہ وہ تربیتی پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے پر حج اور عمرہ کریں، کیونکہ یہ موقع برابر نہیں میسر ہوتا۔
حج پر جانے والے احباب حج کے ایام میں مختلف موقعوں پر فوٹو اتارنا اور ویڈیو کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ درست عمل نہیں ہے ایسے مقامات پر جب ہم اللہ اور اس کے رسول کے مقدس مقام پر ہوتے ہیں ایسے موقعوں پر اللہ سے قربت حاصل کرنے کے بجائے دکھاوا اور وقت برباد کرتے ہوئے فوٹو تارنے اور ویڈیو کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں، یہ درست عمل نہیں ہے، اس سے احتیاط برتنا چاہیے۔