ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اندومتی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'ماہر ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق کووڈ کی تیسری لہر آنے والی ہے مگر یہ لہر کب تک آئے گی یہ پوری طرح کہا نہیں جاسکتا، مگر تیسری لہر آنے سے پہلے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت مکمل طور پر تیار ہے۔
ڈاکٹر اندومتی نے کہا کہ 'ضلع کے کووڈ ہسپتال میں بیڈز میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ آکسیجن پلانٹ بھی قائم کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے آکسیجن کے مسائل آئندہ پیدا نہیں ہوں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'یادگیر ضلع کے علاوہ تعلقہ جات میں بھی بستروں میں اضافہ کیا گیا ہے، شاہ پور تعلقہ اور سرپور کے سرکاری دواخانوں کے علاوہ پرائمری ہیلتھ سینٹرس میں بھی بچوں کی صحت کے تعلق سے کام شروع کیا گیا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'اسکیننگ مشین صرف ایک ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی تھی، لوگوں کو گھنٹوں رپورٹ کا انتظار کرنا پڑ رہا تھا جس کو دیکھتے ہوئے ایک اور اسکیننگ مشین کی درخواست کی گئی ہے جو بہت جلد ضلع کو مہیا ہوجائے گی۔'