گلبرگہ: ریاست کرناٹک میں دس مئی کو اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ ہونے ہیں۔ گلبرگہ میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ گلبرگہ شمال سے کانگریس پارٹی کی امیدوار کنیز فاطمہ ہیں۔ ریاست میں ہونے والی اسمبلی انتخابات کو لے کر ای ٹی وی بھارت سے انہوں نے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2018 میں مرحوم قمر السلام کے انتقال کے بعد انہیں سیاست میں آنا پڑا۔ بتا دیں کہ سنہ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں کنیز فاطمہ کو کانگریس پارٹی سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس بار بھی گلبرگہ شمال سے کانگریس پارٹی نے مجھے ٹکٹ دیا ہے۔ ریاست کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی حکومت بننے والی ہے۔ اس بار ریاست بھر میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے۔ گلبرگہ امن اور بھائی چارگی کا گہوارہ رہا ہے۔ یہاں پر سب سے زیادہ مسلم ووٹرس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گلبرگہ میں کُل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد ہے۔