ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اندومتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ایک سال سے محکمہ صحت کا ہر اسٹاف دن رات محنت کر رہا ہے اور میں دیکھ رہی ہوں کہ کئی لوگ جو خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے اور صحت یابی کے بعد پھر سے اپنی خدمت پر آج مامور ہے اور محکمے میں اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ خاص کورونا کو روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
'مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق محکمہ صحت سے ہے' انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں محکمہ صحت سے جڑی ہوئی ہوں اور اوپر والے نے مجھے لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع عطا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کورونا کے دور میں اگر میں ریٹائر ہو جاتی تو مجھے زندگی بھر اس بات کا ملال رہتا کہ جب لوگوں کو ضرورت تھی، میں اس وقت ان کے کام نہیں آ سکی۔شکر ہے اوپر والے کا کہ مجھے کورونا کے اس دور میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد کورونا مریضوں کی خدمت دل سے کر رہے ہیں۔ میں ان تمام لوگوں کا دل سے احترام کرتی ہوں، تمام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ ایسے نازک وقت میں پورا محکمہ عوام کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانہ میں اسٹاف، ڈاکٹرز اور دیگر ملازمتوں کی بھرتی کی جارہی ہے۔ شہر کے ڈاکٹر اور محکمہ صحت سے تعلق رکھنے والے احباب سے میری اپیل ہے کہ وہ اس موقع کو غنیمت جانے اور لوگوں کی خدمت کے لیے اور اپنے شہر میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہم سے جڑ جائیں، محکمہ صحت میں شامل ہوجائیں اور ہمارا تعاون کریں۔