منگلورو:کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع کے موڈبیدری میں اتوار کے روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ کرناٹک میں آج بدعنوانی، لوٹ مار، مہنگائی اور بے روزگاری ہی اصل "دہشت گردی" ہیں۔ حکمراں بی جے پی اقتدار میں رہتے ہوئے لوگوں کے اصل مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جب انتخابات قریب آتے ہیں تو بی جے پی لیڈر بشمول وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ انتہا پسندی اور قومی سلامتی کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آپ (عوام) کے حقیقی مسائل کے بارے میں بات نہیں کر رہے ہیں۔ میں بی جے پی لیڈروں کو بتانا چاہتی ہوں کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بی جے پی حکومت کی 40 فیصد بدعنوانی ہی اصل انتہا پسندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی انتخابات کے وقت وعدے کرتی ہے، لیکن عوام کو اس بنیاد پر ووٹ دینا چاہئے کہ انہوں نے کرناٹک میں پچھلے تین سالوں میں کیا کیا ہے۔ دھرم، قومی سلامتی اور دہشت گردی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بی جے پی لیڈروں کو یہ نظر نہیں آتا کہ ان کے دور حکومت میں کرناٹک میں ہزاروں کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ ایک ہزار سے زیادہ بے روزگار نوجوانوں نے اپنی جان لے لی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے اپنے دور حکومت میں 6 لاکھ کروڑ روپے لوٹے۔ نوٹ بندی اور گڈز سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے غلط نفاذ کے بعد ریاست میں درمیانی اور چھوٹی صنعتوں کو بڑا نقصان ہوا ہے اور ہزاروں نوجوان بے روزگار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے چار پبلک سیکٹر بینکوں سنڈیکیٹ بینک، وجیا بینک، کارپوریشن بینک اور کینرا بینک کو ضم کرکے بینک نیشنلائزیشن کے خیال کو تباہ کردیا ہے۔
واڈرا نے کہا کہ نیو مینگلور پورٹ سمیت ملک کے تمام ہوائی اڈے اور سمندری بندرگاہوں کو کروڑ پتیوں کو فروخت کیا جا رہا ہے، جو مرکز میں بی جے پی حکومت کے دوست ہیں۔ ہزاروں مقامی لوگوں کو روزگار سے محروم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اب ڈیری کوآپریٹو کرناٹک ملک فیڈریشن کے نندنی دودھ برانڈ کو امول کے ساتھ ملا کر تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو کرناٹک کے لوگوں کی خدمت کر رہا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ ملک پر حکمرانی کرنے والی بدعنوانی کی دہشت گردی ہے۔