کلبرگی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز کہا کہ ملک کی سب سے قدیم پارٹی تمام پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنائے گی۔ اگلے مہینے ان ریاستوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کلبرگی میں کھرگے نے کہا کہ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کانگریس کی قیادت والی حکومتیں اپنا کام ٹھیک طریقے سے کر رہی ہیں اور وہاں کی عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا ہے اسی بناء پر ان ریاستوں میں کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔
نومبر میں تمام پانچ ریاستوں تلنگانہ، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، میزورم میں اسمبلی انتخابات ایک یا دو مرحلوں میں منعقد ہونے والے ہیں۔ میزورم میں 7 نومبر کو، چھتیس گڑھ میں 7 اور 17 نومبر کو، مدھیہ پردیش میں 17 نومبر کو، راجستھان میں 25 نومبر کو اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ تمام ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
کانگریس صدر نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں انتخابات کے لیے کانگریس کی تیاریاں اچھی چل رہی ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم تمام ریاستوں میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام بی جے پی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں لوگ شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت والی بی جے پی حکومت کے خلاف ہو رہے ہیں۔ کانگریس سربراہ نے مرکز میں بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ''پارٹی نے اپنے انتخابی وعدوں میں سے کسی کو پورا نہیں کیا، بی جے پی نے جتنے بھی وعدے کیے ہیں ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ چاہے وہ بے روزگاری ہو، کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنا ہو، یا سرمایہ کاری‘‘۔
واضح رہےکہ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کانگریس اور بی جے پی اہم حریف ہیں۔ توقع ہے کہ تلنگانہ میں حکمران بھارتیہ راشٹرا سمیتی، کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں 230 نشستیں ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں کانگریس نے 41.5 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ 114 سیٹیں حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی نے 41.6 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ 109 سیٹیں حاصل کی تھی۔ کانگریس حکومت 2020 میں جیوترادتیہ سندھیا کے وفادار سمجھے جانے والے کچھ اراکین اسمبلی کے استعفوں کے بعد اکثریت سے محروم ہوگئی تھی اور یوں کانگریس نے اقتدار کھودیا۔ جیوترادتیہ سندھیا کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی ریاست میں شیوراج سنگھ چوہان کے وزیر اعلی کے ساتھ حکومت قائم کی۔