بنگلورو:کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھڑگے نے شہر کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں کانگریس پارٹی کا منشور جاری کیا۔ اپنے منشور میں کانگریس نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے پر بجرنگ دل جیسی نفرت پھیلانے والی تنظیموں پر پابندی عائد کی جائے گی۔ کانگریس نے ریزرویشن کو 75 فیصد تک بڑھانے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ منشور جاری کرنے کے دوران ریاستی کانگریس کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا، اپوزیشن لیڈر سدارامیا، کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار، منشور کمیٹی کے صدر ڈاکٹر پرمیشور، کے پی سی سی کے ورکنگ صدر سلیم احمد، سابق وزیر رانی ستیش، اے آئی سی سی کے ترجمان گورو ولبھ اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس نے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا منشور تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے موقع ملنے پر اپنے منشور میں دی گئی باتوں کو ایمانداری سے لاگو نہیں کیا۔ اسمبلی انتخابات کے لیے نیا منشور جاری کر دیا گیا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ وہ منشور کے بارے میں پانچ یا چھ لائنوں میں بات کریں گے۔ ہماری پہلی گرانٹی گِرہ جیوتی ہے، 200 یونٹ مفت بجلی، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کیونکہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کر رہیں۔ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'جب ہم ریاست میں برسراقتدار آتے ہیں تو ڈپلومہ مکمل کرنے والوں کو 1500 اور 3000 روپے دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہم انا بھاگیہ اسکیم کے تحت 10 کلو چاول دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔ ہم گریہ لکشمی یوجنا کے تحت خواتین کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔