منگلورو:ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے دوران منگلورو کے مختلف مقامات پر پارٹی کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ منگلورو پولیس نے بتایا کہ منگلورو کے مضافات میں وامنجور کے نزدیک مڈوشیدا میں بدھ کی شام بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ واقعہ کے دوران کانگریس امیدوار متھن رائے کی کار کو نقصان پہنچایا گیا۔ پولیس نے دونوں اطراف سے کارکنوں کو منتشر کر کے حالات پر قابو پالیا۔ پولیس نے بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق ملکی موڈبیڈیرے سے کانگریس امیدوار متھن رائے پولنگ ختم ہونے کے بعد مڈوشیڈے پہنچے۔ اس وقت وہاں بی جے پی کارکنان نعرے بازی کررہے تھے۔ جس کے بعد کانگریس اور بی جے پی کارکنان کے درمیان بحث ہوئی اور پھر تصادم ہوگیا۔ جس میں متھن رائے کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ اس تصادم میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
منگلورو کے پولیس کمشنر کلدیپ کمار آر جین موقع پر پہنچے اور وہاں کا معائنہ کیا۔ پولیس نے کہا کہ کے ایس آر پی اسکواڈ کو موقع پر تعینات کیا گیا ہے اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ منگلورو سٹی پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور اضافی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کاوور پولیس اسٹیشن کی حدود میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی حکم نافذ کیا گیا ہے۔ ہم مڈوشیڈے میں ایک چیک پوسٹ قائم کریں گے اور تمام گاڑیوں کی جانچ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں کانگریس کے تین کارکنان اور پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں۔ کلدیپ کمار جین نے کہا کہ کے ایس آر پی کا ایک دستہ پہلے ہی اس جگہ پر تعینات کیا گیا ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم مزید پولیس کو تعینات کریں گے۔