چکبلاپور: بالی ووڈ فلموں میں آپ نے اداکار کو غصے میں یہ کہتے ہوئے سنا ہوگا کہ آج میں تیرا خون پی جاوں گا، لیکن حقیقی زندگی میں آپ نے نا کبھی ایسا کرتے دیکھا یا سنا ہوگا۔ کرناٹک کے ضلع چکبلا پور میں ایک شخص نے اپنی وحشییت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ایک شخص کا گلا کاٹا اور پھر اس کا خون پی گیا۔ جی ہاں ایسا ہی ایک ہولناک واقعہ چار دن پہلے پیش آیا تھا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ خون پینے والا شخص زندہ ہے اور اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ساتھ ہی دوسرا شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔
معلومات کے مطابق چنتامنی تعلقہ بٹلہہلی کے رہنے والا وجے نے چار دن قبل چیلور تعلقہ کے میڈیم پلی کے رہنے والے مریش پر حملہ کیا۔ وجے نے چاقو سے مریش کا گلا کاٹ دیا، جب اس کا خون بہنے لگا تو ملزم وجے نے اس کے گلے سے خون پیا۔ اتنا ہی نہیں گلا کاٹنے کے بعد بھی وجے اسے مارتا رہا۔ دوسری جانب مریش زخمی حالت میں چیختا چلاتا رہا جس کا ویڈیو وہاں موجود تیسرے شخص نے بنا لیا۔