بنگلورو: سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) نے کرناٹک کے بنگلورو میں پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ عہدیداروں نے بدھ کو بتایا کہ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچوں مشتبہ افراد کا تعلق کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے مختلف علاقوں سے ہے۔ شبہ ہے کہ یہ لوگ بنگلورو میں دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی سی بی حکام نے بتایا کہ پانچوں کی شناخت سید سہیل، عمر، جنید، مدثر اور زاہد کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ سبھی 2017 میں قتل کے ایک واقعے کے ملزم ہیں۔ یہ سبھی پراپنا اگرہارا سنٹرل جیل میں تھے۔
حکام نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر ایک ٹیم نے چھاپہ مار کر مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ سی سی بی حکام نے بتایا کہ ان ملزمان کے پاس سے دھماکہ خیز مواد جیسے 4 واکی ٹاکی، 7 دیسی پستول، 42 زندہ گولیاں، گولہ بارود، 2 ڈریگر، 2 سیٹلائٹ فون اور 4 گرینیڈ ملے ہیں۔ ماڈی والا ٹیکنیکل سیل میں ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ سی سی بی کے اہلکار مشتبہ افراد کے موبائل فون چیک کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ان کے ساتھ دو اور لوگ بھی وابستہ ہیں۔ دونوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ پولیس کی ایک اور ٹیم ان کی تلاش میں ہے۔