بیدر:آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدارتی عہدہ کیلئے منعقد انتخابات میں سینئر کانگریس قائد و راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما ملکارجن کھرگے نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی صدر منتخب ہوئے۔ ڈاکٹر ملکارجن کھرگے کے صدر منتخب ہونے کے پر مسرت موقع پر آج بیدر کے گاوان چوک،چوبارہ،بسویشور سرکل، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سرکل ، شیواجی چوک،مڈیوال سرکل، نوباد کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کانگریس قائدین نے زبردست آتش بازی کی،مٹھا ئیاں تقسیم کیں۔Congress workers celebrate Mallikarjun Kharge’s victory
اس موقع پر سیکرٹری ضلع کانگریس کمیٹی بیدر احسن کمال پرویز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک بالخصوص بیدر ضلع کےعوام کیلئے انتہائی مسرت اور فخر کی بات ہے کہ بیدر ضلع کے تعلقہ بھالکی کے وروٹی دیہات میں دلت گھرانے میں پیدا ہوئے ڈاکٹر ملکارجن کھرگے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والی سب سے قدیم اور سیکولر جماعت کے قومی صدر منتخب ہوئے ہیں۔
50 سالہ سیاسی زندگی میں وہ نو مرتبہ کرناٹک لیجسلیٹیو اسمبلی کے رکن رہے، ریاست کرناٹک کی کانگریس حکومتوں میں وزیر داخلہ کے بشمول مختلف وزارتوں کے کابیینی وزیر رہے، کرناٹک اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد رہے، کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر رہے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور کئ ریاستوں میں پارٹی امور کے انچارج کے عہدے پر فائز رہے، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے،گلبرگہ کے رکن پارلیمنٹ رہے، راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنمابنائے گئے ۔