لکھنؤ: اترپردیش کی سیاست میں حاشیہ پر کھڑی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) دیگر ریاستوں میں اپنی جڑوں کو مضبوط کرنے میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ دلت، پچھڑوں کی سیاست کرنے والی بی ایس پی نے یوپی، پنجاب اور اتراکھنڈ میں قسمت آزمانے کے بعد اب کرناٹک کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں تنہا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی سپریمو مایاوتی نے پیر کو ایک ٹوئٹ کےذریعہ پارٹی کے فیصلے کی جانکاری دی۔ انہوں نے لکھا’کرناٹک ریاست میں اسمبلی کے لئے جلد ہی ہونے والے عام الیکشن میں بی ایس پی تنہا اپنے دم پر الیکشن لڑے گی۔
جس کی تیاری کے ضمن میں ریاست کےسینئر و ذمہ دار لوگوں کے ساتھ دہلی میں آج ہوئی میٹنگ میں تقریبا 60فیصدی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’ان منتخب بی ایس پی امیدواروں کی فہرست جلد ہی وہاں مقامی سطح پر جاری کی جائے گی۔ ساتھ ہی ریاستی یونٹ کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ بقیہ اسمبلی نششتوں پر بھی زیادہ ترپارٹی کو وقف و محنتی کارکنوں کو ہی آگے بڑھائیں و انتخابی میدان میں اتاریں۔