بیدر:ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر کے 100 بیڈ ہسپتال میں خون کو حاصل کرنے اور خون کا عطیہ دینے سے متعلق ایک بار کوڈ لانچنگ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مقامی باشندوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ مختلف مذہبی پیشواؤں نے اس خصوصی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے خون کی اہمیت اور اس کے عطیہ پر بات کرتے ہوئے خون کے عطیے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر چیئرمین شاہین کالج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس بارکوڈ کے ذریعے خون حاصل کرنے اور خون کا عطیہ دینے سے متعلق پروگرام رکھا گیا کافی اچھا پروگرام رہا خوشی کی بات یہ ہے کہ اس پروگرام میں تمام مذاہب کے مذہبی پیشواؤں نے شرکت کی۔
انہوں نے مفتی محمد ایوب سلیم حسامی کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کی اشد ضرورت ہے کیونکہ خون کا کوئی مذہب اور دھرم نہیں ہوتا خون لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے کام آتا ہے۔ بڑی خوشی کی بات ہے کہ آج مختلف مذاہب کے لوگوں نے اپنے اپنے لوگوں سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی اور میں اس موقع پر ان تمام نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے خون کا عطیہ دے کر ایک مثال قائم کی ہے۔