بنگلورو:کرناٹک انتخابات میں پارٹیاں ایک دوسرے پر مسلسل الزامات لگا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس نے بی جے پی رہنماؤں پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور ان کے اہل خانہ کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔ ہفتہ کو کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی لیڈر پر الزام لگایا۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ چٹا پور سے بی جے پی امیدوار نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے قتل کی سازش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر وزیر اعظم کو بھی بہت عزیز ہیں۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کنڑ زبان میں آڈیو ریکارڈنگ بھی چلائی۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ اس آڈیو میں چٹا پور سے بی جے پی امیدوار کی آواز ہے۔ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایک بی جے پی لیڈر نے کہا تھا کہ کھڑگے 81 سال کے ہیں، خدا انہیں کسی بھی وقت بلا سکتا ہے۔ اب یہ ریکارڈنگ منظر عام پر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اس سے نیچے نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پتہ چل گیا ہے کہ اب وہ کرناٹک میں دوبارہ اقتدار میں آنے والی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے لیڈر اس سطح پر گر گئے ہیں۔