یادگیر: کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل یادگیر ضلع میں کانگریس اور جنتا دل (ایس) کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ کے واقعہ کے چند دن بعد، بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔یہ واقعہ جمعرات کو شورا پور حلقہ میں پیش آیا، جس میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور کم از کم 10 لوگ زخمی ہوگئے۔دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب کانگریس سے ٹکٹ کے خواہشمند راجہ وینکٹپا نائک ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے باوجود ایک مندر کے میلے میں شرکت کے لیے پہنچے۔
وہاں پہلے سے موجود بی جے پی کارکنوں نے مندر کے میلے میں نائک کی شرکت کی مخالفت کی۔ اس سے دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی، پتھراؤ کیا گیا اور کاروں و دیگر گاڑیوں میں توڑ پھوڑہوئی۔اس جھڑپ میں 10 افراد زخمی ہوئے، پولیس نے بی جے پی اور کانگریس قائدین راجو گوڑا اور نائک کے خلاف مقدمہ درج کرکے 18 افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے یادگیر ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے شوراپور حلقہ میں دو دن کے لیے حکم امتناعی نافذ کر دیاہے۔