بیدر: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی نومنتخب کانگریس حکومت میں بیدر کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر رحیم خان کے دوباره وزیر بنائے جانے کی خبر ہے۔ اس سے قبل ریاست میں کانگریس حکومت میں وہ اسپورٹس منسٹر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سدرامیا اور نائب وزیر اعلی ڈی کے شیو کمار کی تقریب حلف برداری میں 8 وزراء نے 20 مئی کو حلف لیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 28 وزیر حلف لیں گے۔ جن میں سے 8 وزراء بنائے جاچکے ہیں۔ باقی 20 وزراء میں بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان کا نام ممکنہ طور پر شامل ہے۔
رحیم خان کا وزیر بنایا جانا علاقہ کلیان کرناٹک کے علاوہ بیدر ضلع کی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے۔ اس لئے کہ بیدر ایک سرحدی ضلع ہے، جس کی سرحدیں تلنگانہ اور مہاراشٹر سے ملتی ہیں۔ اس ضلع کی پسماندگی کا یہ عالم ہے کہ تعلیم ہو یا کاروبار یہ ضلع پوری ریاست میں نیچے سے دوسرے تیسرے نمبر پر آتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بیدر کی ترقی کیلئے سدرامیا حکومت سنجیدہ ہیں اور رحیم خان جیسے نوجوان اور با صلاحیت رکن اسمبلی کو وزیر بنانے سے بیدر کی ترقی عین ممکن ہے۔