بنگلور: بنگلور کی ایک 39 سالہ خاتون جو ایک اسٹارٹ اپ کی بانی و سی ای او ہے کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ مبینہ طور پر گوا میں اپنے چار سالہ بیٹے کا قتل کرکے اس کی لاش کے ساتھ بنگلور فرار ہونے کی کوشش کررہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ایک اسٹارٹ اپ مائنڈفل اے آئی لیب کی سی ای او سوچنا سیٹھ کو پیر کے روز کرناٹک کے چتردرگا میں بیٹے کی لاش ساتھ جو ایک بیگ میں تھی، گرفتار کرلیا گیا۔ اس نے مبینہ طور پر شمالی گوا کے کینڈولم کے ایک اپارٹمنٹ میں اپنے بیٹے کو قتل کر دیا تھا۔
چونکا دینے والے جرم کے محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون کے شوہر کے ساتھ چل رہے تنازعہ قتل کی وجہ ہوسکتی ہے۔ پولیس نے کہا کہ خاتون مغربی بنگال کی رہنے والی ہے جبکہ اس کے شوہر وینکٹ کے ساتھ طلاق کے بعد وہ ذہنی تناؤ کا شکار تھی۔ سوچنا سیٹھ نے ہفتے کے روز اپنے بیٹے کے ساتھ شمالی گوا کے کینڈولم میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں چیک ان کیا، جبکہ ان کے شوہر، جو ایک AI ڈویلپر کے طور پر کام کرتے ہیں، انڈونیشیا میں تھے۔ پیر کے روز خاتون نے کمرے سے اکیلے ہی چیک آؤٹ کیا اور ہوٹل کے عملے سے بنگلور کےلئے ٹیکسی بک کرانے کی درخواست کی۔ ہوٹل عملے نے بتایا کہ انہوں نے خاتون سے فلائٹ کے ذریعہ بنگلور جانے کا مشورہ دیا تاہم اس نے ٹیکسی کےلئے ہی اصرار کیا۔
جب ہوٹل کے عملے نے دیکھا کہ خاتون کا بیٹا لاپتہ ہے اور اس کمرہ وہ رہ رہی تھی وہاں خون کے دھبے بھی پائے گئے۔ ہوٹل عملے نے فوری طور پر گوا پولیس کو اس کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے منصوبہ کے تحت ایک ٹیکسی ڈرائیور کو تیار کیا اور خاتون سے فون پر بات کرنے کو کہا۔ منصوبہ کے مطابق سفر کے دوران ڈرائیور نے جب خاتون سے اس کے بیٹے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو اس نے دعویٰ کیا کہ اس کا بیٹا ایک دوست کے ساتھ ہے جبکہ اس کے کی جانب سے دیا گیا پتہ غلط نکلا۔