بنگلورو: کانگریس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کرناٹک میں آج ایک جلسہ عام میں راہل گاندھی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ جو کہتے ہیں وہ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کرناٹک میں حکومت بنتی ہے، ہم ان پانچوں وعدوں پر کام شروع کر دیں گے جو ہم نے کرناٹک کے لوگوں سے کیے ہین تاکہ ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
کانگریس لیڈر نے بعد میں یہاں ایک مقامی بس میں بیٹھی کرناٹک کی خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا "ہم اپنی پانچ اسکیموں کے ذریعے کرناٹک میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے"۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی اپنے آپ کو مٹی کا بیٹا کہنے اور ووٹ مانگنے سے پہلے یہ بھی بتا دیں کہ آپ نے کرناٹک کے لوگوں کے لیے کیا کام کیا ہے۔ میں کرناٹک میں کھڑا ہوں کیونکہ میرا کام بولتا ہے۔
وہیں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ کرناٹک میں بدعنوانی اور لوٹ مار بند کرو، ایسی حکومت لائیں جس پر آپ کو فخر ہو۔ کانگریس کرناٹک آ رہی ہے اور ہم نے کرناٹک کے لوگوں کے بہتر مستقبل کے لیے روڈ میپ تیار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے پارٹی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر مسز واڈرا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بارہا وزیر اعظم، وزیر داخلہ، دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر بی جے پی لیڈروں سے کہا ہے ایشو پر آو، لیکن ایک بار بھی وہ نہیں آئے۔ بی جے پی کے کسی لیڈر نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے ساڑھے تین سال میں کرناٹک کے لیے کیا کیا ہے، کتنے روزگار دییے ہیں، کتنی ترقی کی ہے۔