ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے انتظامی کمیٹی مسجد صدر دروازہ یادگیر کے زیراہتمام جلسہ یوم امام عمر فاروق اعظمؓ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد سلیم خطیب و امام مسجد حقانی یادگیر کے قرآت کلام پاک سے ہوا جب کہ معروف نعت خواں محمد یونس نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر خطیب حضرت مولانا سید شاہ قاسم بخاری امام جامع مسجد گلبرگہ نے کہا کہ حضرت عمر فاروق اعظمؓ تاریخ اسلام کی ایسی شخصیت ہیں جن کا دور خلافت قیامت تک کے آنے والے حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ آپ نے اپنی سیاسی بصیرت سے اسلامی سلطنت کو وسعت دی، آپ نے عدل و انصاف کا ایسا نظام قائم کیا کہ تاریخ اتنی وسیع وعریض سلطنت میں ظلم و زیادتی کی ایک مثال بھی پیش کرنے سے قاصر ہے۔ آپ کے دور کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے۔
امیرالمومنین حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر میں مختلف جماعتوں و مسالک کی جانب سے جلسے، سیمینار اور تقریبات منعقد کیے جارہے ہیں۔ جن میں مقررین خلیفہ دوم امیر المومنین سیدنا حضرت عمر بن الخطاب ؓ کے فضائل و مناقب، سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور ان کے سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔