بنگلور: کرناٹک میں بی جے پی کی حکومت کو 30 فیصد کمیشن خور کہا جارہا ہے، جس کی وجہ سے کے ایس ایشورپا کو وزارت سے استعفیٰ دینا پڑا۔ اس سلسلے میں دی ہیلپنگ سٹیزن کے صدر عالم پاشاہ نے الزام عائد کیا کہ رورل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ، جس کی منسٹری ابھی تک کے ایس ایشورپا کے پاس تھی، نے 5،500 کروڑ روپے کے ٹینڈرز میں حصہ لینے کے لیے ٹھیکیداروں کو کنٹراکٹ صرف 8 دن میں ہی دے دیا تھا جبکہ اس کے لیے 30 روز کی مدت ہوتی ہے۔ اس دوران اپنے من پسند ٹھیکیدار کو کام دیا گیا۔
عالم پاشاہ نے کہا کہ ٹینڈر دستاویزات کی جانچ کے لیے ریٹائرڈ جج کی تقرری ضروری ہے لیکن محکمہ نے ریاستی حکومت کے اصول کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15,000 کروڑ روپے کے کاموں کو ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری کے بغیر پورا کیا گیا۔ اس سلسلے میں عالم پاشاہ نے محکمہ کی جانب سے ٹینڈر کے عمل کی چھان بین کرنے کے لیے اینٹی کرپشن بیورو (ACB) میں شکایت درج کرائی۔