کرناٹک گلبرگہ شریف کی مشہور و معروف درگاہ خواجہ دکن حضرت خواجہ بندہ نوازؒ گیسو درازؒ کا 617ویں عرس شریف کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید اکبر صدر شعبہ اردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی، گلبرگہ نے حضرت خواجہ بندہ نواز کی سوانح حیات اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ بندہ گیسو درازؒ کی ولادت 4 رجب المرجب 721ھ مطابق 1321 کو دہلی میں ہوئی۔ آپ کے والد بزرگوار کا نام گرامی سید یوسف تحسینی المعروف بہ راجہ قتال اور والدہ کا اسم گرامی بی بی رانی تھا۔
1336 میں حضرت خواجہ بندہ نوازؒ اپنے بھائی کے ہمراہ حضرت پیر نصیر الدین چراغ دہلی کے حلقہ ادارت میں داخل ہوئے اور حضرت پیر نصیر الدین چراغؒ دہلی نے 1356 میں حضرتؒ کو خلافت عطا فرمائی۔ نصیر الدین چراغؒ دہلی کے وصال کے بعد حضرت بندہ نوازؒ منصب رشد و ہدایت اور سجادگی پر فائز ہوئے۔
حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے 1398 میں اپنے اہل و عیال کے ہمراہ دہلی سے دولت آباد ہجرت فرمائی، اس وقت آپ کی عمر 80 برس تھی۔ فیروز شاہ بہمنی کی دعوت پر حضرتؒ 1400ء میں گلبرگہ تشریف لائے۔