سرینگر (جموں و کشمیر): لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کارگل کے لیے ووٹنگ بدھ کے روز تین بجے تک 73.32 فیصد ووٹروں کی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے بعد سے لداخ میں انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ چونکہ اگست 2019 میں لداخ کو جموں و کشمیر سے الگ کرکے ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا تھا، اس لیے کارگل میں پہاڑی کونسل کے انتخابات وہاں ہونے والے پہلے بلدیاتی انتخابات تھے۔
کرگل کے ڈپٹی کمشنر شری کانت بالا صاحب سوسے نے کہا کہ "خطے میں 278 پولنگ اسٹیشن تھے۔ تیاریوں کی بدولت انتخابات آزادانہ اور منصفانہ انداز میں ہوئے تھے۔ 278 ووٹنگ اسٹیشنوں میں سے 114 انتہائی حساس اور 99 حساس تھے"۔
انہوں نے مزید کہا، "میں نے ایس ایس پی کرگل، اے ڈی سی کرگل اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ پولی ٹیکنیک کالج کرگل میں واقع اسٹرانگ روم میں حساس مواد (ای وی ایم) کو جمع کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔"
پولنگ اسٹیشنوں پر صبح آٹھ بجے سے ہی قطاریں دیکھی گئیں، بہت سے بزرگ ووٹرز نے پہلے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نئی کونسل 11 اکتوبر تک قائم ہو جائے گی، جو 8 اکتوبر کو ہونے والی ہے۔