دراس (لداخ):سنہ 1999میں کرگل جنگ میں پاکستان پر بھارتی فتح کی یاد میں 24ویں کرگل دیوس کی تقاریب کے پیش نظر منگل کو لداخ کے دراس علاقے میں جشن کی تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔ جنگ کی یادگار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اور مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور بدھ کی صبح یہاں پہنچیں گے۔
وزیر دفاع اُن جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ دریں اثنا، آج لاموچن ویو پوائنٹ پر ایک بریفنگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ان لڑائیوں کی آڈیو اور ویژول نیریشن پیش کی جائے گی جس میں ہندوستانی فوج کے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ ایک آرمی بینڈ بھی اس موقع پر پرفارم کرے گا اور حب الوطنی کے گیت پیش کرے گا۔ اس کے بعد مقامی ثقافتی فنکار پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں گے اور اپنے روایتی رقص کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کریں گے مقامی لوگوں کی ہندوستانی فوج کے تئیں وابستگی کو بھی بیان کریں گے اور آپریشن وجے کے دوران بہادروں کے تعاون کو یاد کریں گے۔