سرینگر (نیوز ڈیسک) :ـ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کی صبح یونین ٹیریٹری لداخ کے دراس علاقے میں واقع ’’کرگل جنگ کی یادگار‘‘ کا دورہ کرکے سال 1999 کے ’کرگل جنگ‘ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے میموریل پر پھول مالا چڑھائی اور اپنی جانیں نچھاور کرنے والے فوجی جوانوں کی یاد میں بنائی گئی یادگار کے نزدیک مقبروں کا بھی دورہ کیا۔
راج ناتھ سنگھ نے فوجی اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتی فوج تندہی سے ملک کی سرحد کی حفاظت کر رہی ہے۔ فوجی اہلکار مستعدی سے سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت، ہر لمحہ اور ہر دن مستعد رہتے ہیں، جس کے لیے پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ فوج کی بدولت ہی آج بھارت کی اور کوئی بھی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’بھارتی فوج ملک کی سالمیت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے اگر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو پار کرنا پڑا تو ایسا لازمی طور پر کیا جائے گا، کیونکہ بھارتی فوج اس کے لیے پوری طرح سے اہل ہے۔‘‘