تفصیلات کے مطابق مرکزی حکومت نے لداخ میں دریائے سندھ اور اس کی شاخوں پر 144 میگاواٹ کے آٹھ پن بجلی منصوبوں کو منظوری دے دی ہے۔
جل شکتی منسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ اس وقت لداخ میں سندھ پر 113 میگاواٹ کی گنجائش کے حامل کئی چھوٹے پروجیکٹس موجود ہیں اور نئے منصوبوں میں تعمیر ہونے والے منصوبوں کی گنجائش ان کے نسبت زیادہ ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ برس لداخ کو الگ مرکزی خطہ بنانے کے بعد نئے منصوبوں کو سنٹرل واٹر کمیشن کے ساتھ ساتھ انڈس کمشنر نے بھی منظوری دے دی ہے۔ یہ پروجیکٹس لداخ کے کرگل اور لہیہ اضلاع میں تیار کیے جائیں گے۔ جغرافیائی لحاظ سے لداخ خطے میں پن بجلی کے بڑے پروجیکٹس تعمیر کرنا ممکن نہیں ہے۔
لہیہ کے ڈربوک شیوک کے لیے 19 میگاواٹ، شنکو کے لیے 18.5 میگاواٹ، نمو چِلنگ کے لیے 24 میگاواٹ، رونگڈو کے لیے 12 میگاواٹ، رتن ناگ میں 10.5 میگاواٹ پن بجلی منصوبوں کو منظوری دے دی گئی ہے ، جبکہ کرگل کے منگدم سنگرا میں 19 میگاواٹ، کرگل ہنڈرمین میں 25 میگاواٹ اور تماشہ میں 12 میگاواٹ کے پروجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے۔