نئی دہلی: وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کے سمن کے خلاف عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ان کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں ہائی کورٹ جانے کی ہدایت کی، جس کے بعد ان کے وکیل نے درخواست واپس لے لی۔ جسٹس انیرودھ بوس اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی عدالت نے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کے وکیل سے پوچھا کہ آپ ہائی کورٹ جا کر کوشش کیوں نہیں کرتے۔ آپ کو پہلے وہاں جانا چاہیے۔ ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے بھی اس سے اتفاق کیا۔
جس کے بعد عدالت نے درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی اور درخواست واپس لینے کے بعد عدالت نے اس عرضی کو مسترد کر دیا۔ بنچ نے کہا کہ سی ایم ہیمنت سورین کے وکیل کہتے ہیں کہ ان کا موکّل ہائی کورٹ میں اپیل کرے گا۔ موجودہ پٹیشن واپس لے لی گئی ہے، اس لیے اسے خارج کیا جاتا ہے۔ دراصل منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی نے 14 اگست کو سی ایم ہیمنت سورین کو پوچھ گچھ کے لیے علاقائی دفتر طلب کیا تھا۔ لیکن وہ وہاں پیش نہیں ہوئے۔