رانچی: ای ٹی وی بھارت کو ملی اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے متعلق آفس آف پرافٹ کیس میں الیکشن کمیشن کا خط راج بھون پہنچ گیا ہے۔ گورنر رمیش بیس آج دوپہر بعد دہلی سے رانچی پہنچنے والے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ رانچی پہنچنے کے بعد وہ کسی بھی وقت ریاست کے عوام کو الیکشن کمیشن کی سفارش سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ دوپہر میں گورنر کے رانچی پہنچنے پر پردہ اٹھ جائے گا۔ ای ٹی وی بھارت کو ملی اطلاع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہیمنت سورین کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔EC Disqualified Jharkhand CM Hemant Soren
آج صبح بی جے پی کے رکن پارلیمان نشی کانت دوبے کے ٹویٹ نے جھارکھنڈ کی سیاست میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا خط گورنر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اگست نہیں گزرے گا۔ واضح رہے کہ 18 اگست کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے متعلق کان کنی لیز معاملے میں الیکشن کمیشن میں دلائل مکمل ہو گئے تھے۔ یہ معاملہ سابق وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے 10 فروری کو اٹھایا تھا۔ 11 فروری کو انہوں نے گورنر سے ملاقات کی اور ہیمنت سورین کو ایم ایل اے کے عہدے سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ بعد میں راج بھون نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔ اسی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے سب سے پہلے چیف سکیرٹری سے تصدیق شدہ دستاویزات کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد کمیشن میں دونوں فریقین کی جانب سے دلائل پیش کیے گئے۔