جموں:سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم ’’جوان‘‘ کی ریلیز سے قبل جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں تریکوٹہ پہاڑیوں میں واقع ماتا ویشنو دیوی مندر پر پوجا کی۔ ایک اہلکار کے مطابق، 58 سالہ اداکار - شاہ رخ خان - منگل کی رات دیر گئے مندر پر پہنچے تھے۔ اہلکار کے مطابق ’’سپر اسٹار منگل کی شام بیس کیمپ کٹرا پہنچے اور تقریباً 11.40 بجے مندر تک پہنچنے کے لیے تاراکوٹ کے نئے راستے کا استعمال کیا۔ اس نے مندر میں حاضری دی اور فوراً روانہ ہو گئے۔‘‘
شاہ رخ خان کی ویشنو دیوی مندر میں حاضری کا ایک ویڈیو بھی سماجی رابطہ گاہوں پر گردش کر رہا ہے اور اس مختصر ویڈیو میں مندر پر بالی ووڈ اداکار کو نیلے رنگ کی جیکٹ میں ملبوس اور چہرہ مکمل طور پر ڈھکا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ وائرل کلپ میں ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے افسران، کچھ پولیس اہلکار اور سپر اسٹار کے ذاتی عملہ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ شاہ رخ کا نو ماہ میں وشنو دیوی کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ اداکار نے اس سے قبل دسمبر 2022 میں اپنی بلاک بسٹر ہٹ فلم ’’پٹھان‘‘ کی ریلیز سے ایک ماہ قبل بھی یہاں حاضری دی تھی۔