جموں: جموں شہر کے بس اسٹینڈ سے پولیس نے دو روہنگیا افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ دونوں نیپال کے راستے سے غیرقانونی طور پر جموں پہنچے تھے۔ جموں پہنچنے والے یہ لوگ بس اسٹینڈ سے پکڑے گئے ہیں۔ یہاں سے یہ لوگ سرینگر جارہے تھے۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ معلومات کے مطابق یہ دونوں سرینگر میں رہنے والے ایک شخص سے رابطے میں تھے۔ دونوں روہنگیا سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کے ذریعے رابطہ کر رہے تھے اور دونوں کو کشمیر پہنچنے کو کہا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دونوں جے پور کے راستے جموں پہنچے تھے۔ جموں ضلع پولیس کو اس کی اطلاع ملی تھی جس کے کے بعد پولیس نے سادہ وردی میں جوانوں کو جموں کے بس اسٹینڈ پر تعینات کر دیا۔ جونہی دونوں منگل کی رات دیر گئے بس اسٹینڈ پہنچے تھے تو دونوں بس میں بیٹھ کر سرینگر جانے والے تھے، تبھی پولیس نے دونوں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے دونوں کے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔