جموں (جموں و کشمیر):صوبہ جموں کے سرحدی اضلاع - پونچھ اور راجوری - کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ کو منگل کی دیر شام ایک بار پھر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ’’لینڈ سلائیڈنگ دوپہر کے وقت ہوتی تو بڑا حادثہ رونما ہو سکتا تھا۔ لینڈ سلائیڈنگ شام کے وقت ہوئی جب شاہراہ پر ٹریفک نہیں تھا۔‘‘
اطلاعات کے مطابق شام تقریباً 6.30 بجے پونچھ ضلع کو کشمیر سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر رتہ چھمب علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں مٹی، پتھر اور بڑے درخت سڑک پر گر آئے۔ یہ سلسلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ گوجر بکروال طبقہ سے وابستہ افراد، جو نشیبی علاقوں کی طرف جا رہے تھے، نے لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع دی، جس کے بعد بہرا مگلہ سائیڈ سے مغل روڈ پر ٹریفک کو بند کر دیا گیا۔