جموں (جموں و کشمیر) :مندروں کے شہر، جموں، میں تعمیر کیے گئے یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے پہلے تروپتی بالاجی مندر کو جمعرات کو عقیدت مندوں کے لیے کھول دیا گیا۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مندر کا افتتاح کیا، اس دوران مرکزی وزیر جی کرشن ریڈی، مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ، رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ مندر کا افتتاح گرچہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کرنا تھا اور وہ کسی وجہ سے اس پروگرام کا حصہ نہ بن سکے، تاہم وہ ورچول موڑ کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے مندر کے دروازے کھلنے پر لوگوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی ریاستی دورے پر پہنچیں گے تو اس مندر میں بھگوان کے دیدار ضرور کریں گے۔
تروپتی بالاجی کا مندر سدھرا، جموں کے ماجن گاؤں میں 62 ایکڑ اراضی پر 32 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو مندر میں بھگوان وینکٹیشور کی آٹھ اور چھ فٹ کی مورتیاں نصب کی گئی تھیں۔ آندھرا پردیش کے تقریباً 45 مذہبی لیڈروں نے ویدک نعروں کے ساتھ مورتیوں کی پوجا کی اور ان کو یہاں نصب کیا۔ اس دوران عقیدت مندوں کی بڑی تعداد بھی یہاں وارد ہوئی تھی، تاہم آج مندر کا رسمی طور افتتاح کیا گیا اور اسے عوام کے نام وقف کیا گیا۔
بھگوان وینکٹیشور کی 8 فٹ اونچی مورتی کو مندر کے مرکزی ہال میں نصب کیا گیا ہے۔ مورتی بنانے میں گرینائٹ کا استعمال کیا گیا ہے، مندر کے باہر بھگوان وینکٹیشور کی چھ فٹ مورتی بھی نصب کی گئی ہے۔ یہ مورتیاں آندھرا پردیش کے شہر گنٹور سے لائی گئی ہیں۔ 6 مئی سے مندر میں مورتی کی خصوصی پوجا پاٹ شروع ہوئی تھی جس کے بعد مذہبی رسومات بدوستور جاری رہیں۔ بدھ کو مندر میں ویدک منتروں کے درمیان مورتیوں کو نصب کیا گیا تھا۔ یہ مندر تروپتی بالاجی مندر کی طرز پر بنایا گیا ہے۔