جموں (جموں و کشمیر) :جموں کے ماجن علاقے میں شیوالک جنگلات میں تروپتی بالاجی مندر کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے اور عقیدت مندوں کے لیے 8 جون کو مندر کا افتتاح کیا جائےگا۔ تیس کروڑ روپے کی لاگت سے مندر 62 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ تعمیر کے بعد ’’مندروں کے شہر - جموں‘‘ میں یہ سب سے بڑے مندروں میں سے ایک ہوگا اور اس سے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ریلجس ٹورزم سمیت سیاحت کو بھی فروغ ملنے کی امید ہے۔ جموں کا یہ مندر ملک بھر میں تعمیر کیا جانے والا چھٹا بالاجی مندر ہوگا، اس سے قبل تروملا تروپتی دیوستھانمس نے حیدرآباد، چنئی، کنیا کماری، دہلی اور بھونیشور میں بالاجی مندر تعمیر کیے ہیں۔
ایک عہدیدار نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’مندر کی تعمیر تقریباً مکمل کر لی گئی ہے اور اس کا افتتاح رسمی طور پر 8 جون کو کیا جائے گا۔ رسومات 3 جون سے ہی شروع ہوں گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’تروملا مندر میں جو بھی نظام اور عمل جاری ہے وہیں نظام جموں کے بالاجی مندر میں بھی نافذ کیا جائے گا اور سبھی رسومات کی من و عن پیروی کی جائے گی۔‘‘ انہوں کہا کہ بالا جی مندر جموں اور کٹرا کے درمیانی راستے پر ماجن میں شیوالک جنگلات میں واقع ہے جس سے ماتا ویشنو دیوی مندر، کٹرا، جانے والے یاتریوں کے لیے بھی کشش کا باعث بنے گا۔