جموں و کشمیر انتظامیہ نے کہا کہ نئے اراضی قوانین کے تحت 90 فیصد اراضی، جو کہ زرعی ہے، کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے
انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے جموں میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 'نئے اراضی قوانین کے مطابق زرعی زمین صرف مقامی کاشت کاروں کو ہی فروخت کی جا سکے گی'۔
پریس کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری ریونیو پون کوتوال اور صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی صرف مقامی کاشت کاروں کو ہی فروخت کی جا سکے گی اور یہاں تک کہ جموں و کشمیر کے وہ باشندے، جو کاشت کار نہیں ہیں، وہ بھی زرعی زمین نہیں خرید سکیں گے۔
انہوں نے کہا: 'اراضی قوانین میں کاشت کار سے مراد وہ شخص ہے جو جموں و کشمیر کا مقامی باشند ہے اور یہاں کاشت کاری کرتا ہے۔ زرعی زمین باہر کے کسی بھی شہری کو فروخت نہیں کی جا سکے گی۔ وہ شخص جو جموں و کشمیر کا ہی رہنے والا ہے لیکن کاشت کار نہیں ہے وہ بھی زرعی زمین خرید نہیں سکے گا'۔
روہت کنسل کے مطابق نئے اراضی قوانین کے تحت 90 فیصد اراضی، جو کہ زرعی ہے، کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا: 'ان قوانین کی رو سے جموں و کشمیر کی 90 فیصد اراضی، جو زرعی زمین ہے، کو مکمل پروٹیکشن حاصل ہے۔ یعنی یہ زمین جموں و کشمیر کے لوگوں کے پاس ہی رہے گی'۔
روہت کنسل نے ایک سوال کے جواب میں زرعی زمین کو تحفظ فراہم کرنے کی بات دوہراتے ہوئے کہا: 'زرعی زمین کو مکمل پروٹیکشن دی گئی ہے۔ چونکہ یہاں 90 فیصد اراضی زرعی ہے اس لئے 90 فیصد اراضی اس یونین ٹریٹری سے باہر کے کسی بھی شخص کو نہیں فروخت کی جا سکے گی۔ زرعی زمین صرف اور صرف مقامی کاشت کار کو ہی فروخت کی جا سکے گی'۔
جب ایک نامہ نگار نے پوچھا کہ کیا غیر زرعی زمین خریدنے کے لئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی ضرورت پڑے گی تو پون کوتوال نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: 'غیر زرعی زمین خریدنے کے لئے کسی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ صرف سرکاری نوکریوں کے حصول کے لئے ہے'۔
روہت کنسل نے دعویٰ کیا کہ نئے اراضی قوانین کے تحت جموں و کشمیر میں زمین کو ایسا ہی تحفظ فراہم کیا گیا ہے جیسا ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ جیسی ریاستوں کو فراہم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا: 'یہ بات بحث میں آ رہی ہے کہ ملک کی کچھ ریاستوں کی طرح یہاں اراضی کو پروٹیکشن کیوں نہیں دی گئی۔ لیکن میں یہ بات واضح کرنا چاہوں گا کہ جو پروٹیکشن یہاں دی گئی ہے ایسی ہی پروٹکشن ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں فراہم کی گئی ہے'۔