منڈی: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے نوجوانوں کی گزشتہ کئی برسوں سے یہ دیرینہ خواہش تھی کہ نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب کرنے کے لیے منڈی میں کھیل کا میدان بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو نشہ کی بری عادتوں سے بچایا جاسکے جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ یوتھ سروسیز اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کی جانب سے پنچایت سیکلو کے مقام پر نوجوانوں کے کھیل کود کے لئے کھیل کے میدان کا تعمیری کام شروع کیا ہے۔ جس کے لیے 43 لاکھ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔
جس میں سے کچھ رقومات واگزار کرکے اس کھیل کے میدان کا کام شروع کیا گیا ہے۔ جس کو لیکر نوجوانوں میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے۔ اس حوالے سے نوجوانوں نے کہا کہ اس سے قبل منڈی میں کھیل کا میدان نہ ہونے کی وجہ سے ہم لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے آئے روز نوجوان منشیات میں ملوث ہوجاتے تھے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرپنچ حلقہ سیکلو عبدالرشید کی کاوشوں کی بدولت کھیل کا میدان بنایا گیا۔