جموں:جموں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک پلن والا علاقے میں جمعرات کی صبح جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے مشترکہ طور آپریشن شروع کیا جس میں سرچ آپریشن کے دوران ایک باکس ضبط کیا گیا۔ سیکورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ باکس میں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ باکس سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اس پار بھیجا گیا ہے۔
سیکورٹی ایجنسیز کے مطابق باکس میں سے ایک آئی ای ڈی (IED)، ایک پستول، پستول کے دو میگزین، پستول ایمونیشن کے 38راؤنڈ، 9گرینیڈ ضبط کیے گئے۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کھور میں معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں بشمول بین الاقوامی سرحد (IB) اور لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقوں میں پاکستان کی جانب سے ہتھیار اور منشیات ڈرون کے ذریعے بھیجے جانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے ڈرونز کو مار گرانے یا ڈرونز کے ذریعے گرائے گئے ہتھیار اور منشیات کو ضبط کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔