اردو

urdu

ETV Bharat / state

بریگیڈ ہیڈ کوارٹر جموں کے قریب مشتبہ ڈرون کی اُڑان - جموں ایئر پورٹ حملہ

اس سے قبل اتوار کو جموں ایئر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل علاقہ میں دو دھماکے ہوئے، جن کی وجہ سے ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بم ڈرون کے ذریعہ گرائے گئے تھے۔

بریگیڈ ہیڈ کوارٹر جموں کے قریب مشتبہ ڈرون کی اُڑان
بریگیڈ ہیڈ کوارٹر جموں کے قریب مشتبہ ڈرون کی اُڑان

By

Published : Jun 28, 2021, 1:16 PM IST

پیر کو علی الصبح جموں کے مضافات میں قائم بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کے اوپر مشتبہ ڈرون کی موجودگی کی اطلاع پر آرمی نے فائرنگ کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کو صبح تین بجے کے قریب کالو چک میں آرمی گیریژن کے قریب دیکھا گیا جس کے بعد اسے نیچے لانے کے لئے فائرنگ کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی اسٹیشن کے باہر پورا علاقہ فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور آخری اطلاعات موصول تک بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری تھا۔

یہ معاملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز ڈرون کے ذریعہ انڈین ایئر فورس کے اسٹیشن پر دو بم گرائے گئے جس کے نتیجہ میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ تھا جس کے بعد جموں و کشمیر میں ایئر فورس اسٹیشنوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جموں ایئر پورٹ حملہ: ڈرون کا استعمال، تحقیقات شروع

ایئرپورٹ حملے کے فورا بعد جموں کشمیر پولیس نے نروال جموں علاقہ سے ایک مشتبہ عسکریت پسند کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ پکڑنے کا دعویٰ کیا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ عسکریت پسند لشکر طیبہ سے وابستہ ہیں۔ اور جموں میں بھیڑ بھاڑ والے علاقہ میں حملہ کرنے کے غرض سے جموں آیا تھا۔جموں ایئر بیس پر دھماکہ کے بعد این آئی اے کی ٹیم پہنچ چکی ہے۔ اس حملے کے بعد جموں میں حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس معاملے میں فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل ایچ ایس اروڑہ سے بات کی ہے۔ ایئر مارشل اروڑہ از خود جموں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ جموں ٹیکنیکل ایئر پورٹ پر پہلا دھماکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریبا ایک بج کر 45 منٹ پر ایک عمارت کی چھت پر ہوا۔ جبکہ پانچ منٹ سے بھی کم وقت کے بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details