سرینگر:وادیٔ کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ہفتے کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل ایک بار پھر روک دی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر پانتھال علاقے میں لگاتار چٹانیں کھسک آ رہی ہیں جس کے پیش نظر اس پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے۔ بتادیں کہ شاہراہ پر جمعے کے روز بھی زائد از تین گھنٹوں تک ٹریفک بند رہا تھا۔ ٹریفک ذرائع نے بتایا تھا کہ رامبن سیکٹر اور قاضی گنڈ میں برف باری کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رام بن - بانہال سیکٹر میں قومی شاہراہ پر چٹانیں بھی کھسک آئی ہیں۔ ٹریفک حکام نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے شاہراہ کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر پہلے سے ہی ٹریفک کی آمد و رفت بند ہے۔ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف بازاروں میں اچانک اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے تو دوسری طرف گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔