جموں:جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ پونچھ ضلع سے بس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ یکم جولائی سے سالانہ امرناتھ یاترا کی شروعات ہو رہی ہے۔ یہ یاترا پہلی دفعہ 62 دنوں پر مشتمل ہوگی۔ ایسے میں ملک بھر سے کثیر تعداد میں عیقدت مندوں کی آمد توقع ہے۔ جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے یاتریوں کی سہولیات کے لیے اے سی اور نان اے سی بسوں کا انتظام کیا ہے، تاکہ انہیں بہتر اور عمدہ قسم کے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
اس معاملہ پر جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے جنرل منیجر حبیب اللہ رئیسی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاتریوں کو طویل سفر کے دوران پیش آنے والے مشکلات سے راحت دلانے کے لیے جے کے آر ٹی سی کی جانب سے اس بار 500 بسوں کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس میں 400 سے 300 بسیں چلائی جائیں گی۔ بقیہ بسیں کسی بھی بس کے اچانک خراب ہونے کی صورت میں استعمال کی جائیں گی۔
جے کے آر ٹی سی جموں سے بالتال، جموں سے پہلگام، سری نگر سے بالتال، ایئرپورٹ سے پہلگام اور بالتال روٹس پر اے سی سیمی ڈیلکس بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بسوں کے ساتھ کرین بھی ہوگا تاکہ راستہ میں اگر گاڑی خراب ہوجائے تو آسانی سے گاڑیوں کو راستے سے ہٹایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں صفائی ستھرائی کا اس بار خاص خیال رکھا جائے گا۔
امرناتھ یاترا کے دوران مسافروں کو تکلیف سے بچانے کے لیے یاترا کے روٹ کے ہر مرکزی اسٹیشن پر اضافی بسیں رکھی جائیں گی۔ رامبن میں سب سے زیادہ مسئلہ در پیش ہوتا ہے۔ ایسے میں رامبن میں اضافی بسیں چلائی جائیں گی تاکہ مسافروں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کی کھیپ کے ساتھ ایک سے دو اضافی بسیں بھی ہوں گی۔ آر ٹی سی بس اب پونچھ اور سری نگر کے درمیان مغل روڈ پر چلے گی۔ اب مسافر پونچھ سے سری نگر صرف 380 روپے میں پہنچ سکتے ہیں۔ جبکہ پہلے ایک مسافر کو 1,000 سے 1,500 روپے ادا کرنے پڑتے تھے۔