جموں:شیعہ فیڈریشن (صوبہ جموں) نے راجوری، ڈانگری علاقے میں شہری ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کی این آئی اے یا کسی اور ایجنسی سے انکوائری کرانے کی مانگ کی ہے۔ فیڈریشن نے قاتلوں کی شناخت کرکے ان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے ان باتوں کا اظہار جموں میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے۔ خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’جموں وکشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے اس انسانیت سوز، وحشیانہ قتل عام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس واقعہ سے ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ سماج کو تقسیم کرنے اور نفرت پھیلانے کی مذموم کوششیں جاری ہیں۔‘‘ خان نے مزید کہا کہ ’’ایک انسان، خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، ایسی مذموم حرکت کر ہی نہیں سکتا۔‘‘ Shia Federation Condemn Rajouri Civilian Killing
شیعہ فیڈریشن کے صدر نے راجوری شہری ہلاکتوں کو ’’انسانیت سوز‘‘ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’دشمن عناصر کی مذموم حرکت ہے جن کو جموں وکشمیر کی پر امن فضا راس نہیں آ رہی ہے۔ ایسے عناصر اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔‘‘ عاشق حسین نے ڈانگری میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر صد افسوس کرتے ہوئے ’’اس انسانیت سوز قتل عام میں ملوث شیطان نما عناصر کو بے نقاب کر کے ان کو عبرتناک سزا‘‘ دیے جانے کی مانگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایک عام، معصوم اور بے گناہ انسان کو قتل کرنے سے سوائے انسانیت کو شرمسار کرنے کے کچھ حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے، مگر افسوس کہ ایسے واقعات جموں وکشمیر میں بڑھتے جا رہے ہیں اور ابھی تک کسی گناہ گار کو سامنے نہیں لایا گیا ہے۔‘‘