جتیندر سنگھ نے ہفتے کے روز جموں کے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شاہ فیصل سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'اس بات پر ہمیں الجھنے اور اپنا دماغ کھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔ موٹی بات یہ ہے کہ اُن کا دل بدل گیا ہے۔ جب ہارٹ ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے تو آپ یہ نہیں پوچھتے کہ جنرل انیستھیسیا میں ہوا تھا یا لوکل میں۔ ٹرانسپلانٹ تو ہو ہی گیا ہے'۔
بتا دیں کہ ڈاکٹر شاہ فیصل، جنہیں پانچ اگست 2019 کے بعد نظربند کیا گیا تھا، پچھلے کچھ ہفتوں سے ٹوئٹر پر وزیر اعظم نریندر مودی کی بہت سراہنا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ شاہ فیصل کی سوچ میں اچانک اور واضح تبدیلی نے سوشل میڈیا پر ایک نہ تھمنے والی بحث کو جنم دیا ہے۔