جموں:لائن آف کنٹرول، انٹرنیشنل سرحد (آئی بی) پر ممکنہ دراندازی، عسکریت پسندوں کی موجودگی اور یوم جمہوریہ کے کے پیش نظر یونین ٹیریٹری خاص کر جموں میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ نوشہرہ سیکٹر میں آج بھی پر اسرار دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے، جبکہ ضلع سانبہ میں حفاظتی اہلکاروں کو ایک گہرے گڑھے کا سراغ ملا ہے جو ممکنہ طور پاکستان اور بھارت کے مابین ایک سرنگ ہو سکتی ہے، جس کے ذریعے سرحد کے اس پار منشیات، ہتھیاروں کو اسمگل کرنے کے علاوہ ممکنہ طور پر دراندازی کے لیے بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب کا اہتمام ایم اے اسٹیڈیم، جموں میں کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے حفاظتی اہلکاروں فورسز نے اسٹیڈیم کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ گیٹ پر تعینات سکیورٹی اہلکار سٹیڈیم جانے والے لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کر رہے ہیں۔ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر، ہر کونے پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے نگرانی کے لیے اسٹیڈیم کے چاروں طرف واچ ٹاورز نصب کیے ہیں جن میں تعینات اہلکار اسٹیڈیم میں ہونے والی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔