شیو سینا کی جموں وکشمیر اکائی کے صدر منیش سہانی نے حکومت سے کشمیر میں ایک سینک کالونی تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ کشمیر کے اندر جانے سے ابھی بھی ڈر محسوس کر رہے ہیں۔ لہذا وہاں ایک سینک کالونی تعمیر کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سینک کالونی کا قیام کشمیر میں ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہو نے والے جوانوں کے لئے ایک خراج بھی ہوگا اور ان کے اہلخانہ کی مدد بھی ہوگی۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک مقامی نیوز پورٹل کے ساتھ مختصر بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا 'کشمیر میں سینک کالونی تعمیر کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ ہمارے سیکورٹی فورسز کی کوششوں کے نتیجے میں ہی جموں و کشمیر شانتی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سیکورٹی اہلکار تیس برسوں سے وہاں اپنی جانوں پر کھیل کر عسکریت پسندی کے خلاف لڑ رہے ہیں'۔