جموں و کشمیر کے اینٹی کرپشن بیورو نے ایک زرعی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جموں کشمیر بینک حکام سمیت 31افراد کے خلاف 1100 کروڑ روپے کے قرضہ گھوٹالہ میں چالان پیش کیا۔
اینٹی کورپشن بیورو کے ترجمان نے کہا کہREIایگرو لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سندیپ جھن جھن والا، جموں کشمیر بینک کے ماہم شاخ کے منیجر محمد یوسف بٹ سمیت 29ملزمان کے خلاف انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت، جموں، میں چالان پیش کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق معاملہ انسداد رشوت قانون اور رنبیر پینل کوڈ کے تحت 2019میں درج کیا گیا تھا جس میں REI ایگرو لمیٹیڈکمپنی کے حق میں 400کروڑ روپے کے زرعی قرضہ کی منظوری، اور جموں کشمیر بینک کے ماہم شاخ سے150کروڑ روپے کا ٹرم لون اور بینک کے وسنت وِہار نئی دہلی برانچ سے بغیر معقول سیکورٹی کے 115کروڑ روپے کی بِل رعایت (Discount) کا معاملہ شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ کمپنی، جو باسمتی چاول کی خرید اور پراسیسنگ کرتی ہے، نے بینکوں سے فصل قرضہ کی سہولیات حاصل کی اور انہیں کسانوں (جوائنٹ لائیبلٹی گروپس) کے کھاتے میں جمع کیا۔
ترجمان کے مطابق کمپنی نے جموں وکشمیر بینک کے ساتھ گھپلے کے ارادے سے کسانوں اور (جوائنٹ لائیبلٹی گروپس) کے نمائندوں کی فرضی فہرست تیار کرکے رقم انکے اکائونٹ میں ٹرانسفر کرا دی۔ جس کو انہوں نے بعد میں ایگرو کمپنی کو واپس ٹرانسفر کر دیا۔