سرینگر جموں شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ، ٹریفک معطل جموں:محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جموں و کشمیر کے متعدد مقامات پر رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں یونین ٹیریٹری میں سرینگر جموں شاہراہ، تاریخی مغل روڈ سمیت سرینگر - سونا مرگ - گمری (SSG) روڈ سمیت اہم سڑکیں اور شاہراہیں ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہیں جبکہ امرناتھ یاترا کو لگاتار دوسرے روز بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہیں کہ سرینگر جموں شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ملبہ صاف کرنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور جلد ہی شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بحال کیا جائے گا جبکہ لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سرینگر جموں شاہراہ پر سفر کرنے سے قبل پولیس کنٹرول روم سے موسم، ٹریفک کی جانکاری حاصل کریں۔ عوام سے اس بارے میں سختی سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) رام بن، موہتا شرما، نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سفر کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے ہائی وے کی تازہ ترین صورتحال کے لیے ٹریفک کنٹرول یونٹ (TCU) سے ضرور رابطہ قائم کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ NH-44 مغل روڈ اور ایس ایس جی روڈ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی مقامات پر بلاک ہو گئی ہے تاہم جنگی بنیادوں پر ملبہ صاف کرنے کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے شاہراہوں کو بحال کرنے کے لیے عملہ سمیت مشینری کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے۔
سرینگر جموں شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ، ٹریفک معطل مزید پڑھیں:Road Accident In National Highway Ramban: رامبن کے دو مختلف مقامات پر سڑک حادثہ
ادھر، ہفتہ کو دوسرے روز بھی بالتل سمیت پہلگام راستوں سے جاری امرناتھ یاترا کو احتیاطی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں تیز بارشوں اور پھسلن کے سبب یاتریوں کو امرناتھ گپھا جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری کے بعد ہی یاتریوں کو پوتر گپھا جانے کی اجازت دی جائے گی۔ دریں اثنا شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کی کشمیر روانگی کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔