یوم جمہوریہ کے روز قومی دارالحکومت دہلی میں نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران تشدد میں ملوث ہونے کے الزام میں جموں کے ایک ممتاز کسان رہنما کو دہلی پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔
جموں و کشمیر متحدہ کسان محاذ کے چیئرمین مہندر سنگھ، جموں شہر کے چھٹھہ علاقے کا رہائشی ہے۔ انہیں 26 جنوری کو ہوئے تشدد کے سلسلے میں جموں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی رات انہیں حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لئے فوراً دہلی منتقل کیا گیا۔
مہندر سنگھ کے کنبہ نے کہا کہ وہ بے قصور ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
سنگھ کی اہلیہ نے نامہ نگاروں کو بتایا 'انہوں نے (سنگھ) نے مجھے اطلاع دی کہ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (جموں) نے انہیں فون کر کے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن طلب کیا۔ اس کے بعد ان کا فون بند ہو گیا۔ پوچھ گچھ کرنے پر مجھے معلوم ہوا کہ اسے پولیس نے گرفتار کیا ہے اور اسے دہلی منتقل کردیا گیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'وہ ایس ایس پی سے ملنے کے لئے تنہا گئے تھے کیونکہ وہ خوفزدہ نہیں تھے کیونکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تھا۔'
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب تشدد پھوٹ پڑا تو ان کے شوہر لال قلعہ پر نہیں بلکہ دہلی کی سرحد پر موجود تھے۔
واضح رہے مرکز کے متنازعہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے مطالبے کے لئے 26 جنوری کو کسان یونینوں کے ذریعہ بلائی گئی ٹریکٹر پریڈ کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی۔