جموں :جمعرات کو جموں کے مختلف مقامات پر پاکستان کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ یہ احتجاج راجوری ضلع میں عسکریت پسندوں کی جانب سے انکاؤنٹر کے دوران چار فوجیوں کی ہلاکت پر انجام دیا گیا۔ جموں کے مختلف مقامات پر کیے گئے احتجاجوں کے دوران مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں سے وابستہ کارکنان، رضاکاروں نے پاکستان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجاً پاکستان کا قومی پرچم نذر آتش کیا۔ علاوہ ازیں انکاؤنٹر میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
نیو پلاٹ، جموں میں ’’جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ‘‘ نامی تنظیم کے صدر سنیل ڈمپل نے ایک احتجاجی ریلی نکالی برآمد کی اور پاکستان کا پتلہ نذر آتش کیا۔ وہیں بجرنگ دل کے کارکنوں نے جموں بس اسٹینڈ میں احتجاج کرکے پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بجرنگ دل کی جانب سے منعقد کیے گئے احتجاج کی قیادت بجرنگ دل کے ریاستی صدر راکیش بجرنگی کر رہے تھے۔ ادھر، شیو سینا (بالا صاحب ٹھاکرے) اکائی نے پارٹی دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران انکاؤنٹر میں مارے گئے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی۔
شیو سینا لیڈران نے راجوری میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں دو فوجی افسران سمیت چار فوجی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا۔ پارٹی کے ریاستی دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ہلاک کیے گئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔