جموں (جموں کشمیر) :مزکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جموں پہنچنے کے ساتھ ہی یو ٹی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور آرمی چیف کے ہمراہ سرحدی ضلع راجوری روانہ ہوئے۔ فوج کے سینئر افسران انہیں راجوری میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے اندر ڈیرہ گلی انکاؤنٹر کے بارے میں مکمل بریفنگ دیں گے۔ راج ناتھ سنگھ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ساتھ کشمیر کی مجموعی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔
وزیر دفاع کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’جموں شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں بھی نگرانی بڑھائی گئی ہے۔‘‘ جموں شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ناکوں پر گاڑیوں کی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جا رہے ہیں۔